کاروار 12/اگست (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینر ا میں واقع مختلف مقامات پر سیاحت (ٹورزم) کے فروغ لئے جملہ 190کروڑ روپے کا فنڈ منظور ہوا ہے جس میں سے اب تک 116کروڑ روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔ یہ بات ضلع انچارج وزیر مسٹر آر وی دیشپانڈے نے ٹورزم ڈپارٹمنٹ کے منصوبوں پر عمل درآمد کے بارے میں منعقدہ جائزاتی میٹنگ میں بتائی۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ ضلع کے مختلف سیاحتی مقامات پر 134منصوبوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ان میں سے 57منصوبے مکمل ہوگئے ہیں۔میگا کوسٹل سرکل نامی منصوبے کے تحت مرڈیشور بالی بیچ،افسر گونڈا بیچ،کاسرکوڈ بیچ،ٹیگور بیچ،ماجالی بیچ، اوم بیچ،کوُڈلے بیچ، گوکرن بیچ،کمٹہ بیچ، بیلیکیری بیچ،پاوین کُروے بیچ اور تیرماتی بیچ پر ترقیاتی کام انجام دئے جارہے ہیں۔جان بچانے والے دستوں کے لئے نگرانی ٹاورکی تعمیر،ہائی ماسٹ لائٹ سہولت، کوڑے کرکٹ کی نکاسی،ساحل سے جوڑنے والی سڑکوں کی تعمیر،پیرا گولف،ریسکیو بوٹس کی فراہمی کے علاوہ پارکنگ کی سہولت وغیرہ فراہم کرنے کا انتظام ان منصوبوں میں شامل ہے۔اس کے علاوہ ضلع میں موجود مختلف آبی ذخیروں سے جوڑنے والی سڑکوں کی مرمت،نگرانی کے لئے ٹاورس کی تعمیر،پارکنگ کا انتظام جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ایکو بیچ اور نیچر کیمپ کہ سہولت مہیا کرنے پر بھی تیزی سے کام ہورہا ہے۔انہوں نے خاص طور پر افسران کو توجہ دلائی کہ کاروار کے ٹیگور بیچ پر ہونے والے ترقیاتی کام میں مزید تیزی لانی ہوگی۔
اسکوبا ڈائیونگ اتسوا منایا جائے گا: مسٹر آروی دیشپانڈے نے بتایا کہ نیترانی جزیرے کے پاس اسکوبا ڈائیونگ کی ترغیب دینے کے مقصد سے ایک انٹر نیشنل اسکوبا ڈائیونگ اتسوا منایا جائے گا۔اسی طرح کاروار اور اوم بیچ پر آبی کھیل (واٹر اسپورٹس) کی ترغیب دینے کے لئے ان کھیلوں کے اتسوا منائیں جائیں گے۔
ضلع انچارج وزیر کے ساتھ منعقدہ اس میٹنگ میں ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر،ایم ایل اے ستیش سئیل،ضلع نائب صدر سنتوش رینکے،ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکوُل،ایڈیشنل ڈی سی ایچ پرسنا اورمختلف محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔